(حدیث)علم حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے

علم انسان کو صحیح طریقے سے زندگی گذارنے کا طریقہ بتاتا ہے ۔ کامیاب انسان وہی ہے جس نے علم حاصل کیا اور اس پر عمل بھی کیا۔ ڈاکٹر مشاہد رضوی

Read the go ahead . سب پڑھیں ۔آگے بڑھیں

یوں علم کی چاہ میں نکلے ہیں اپنا بھی نشاں معلوم نہیں ۔۔۔ جانا ہے وہاں ، منزل ہے جہاں ، منزل ہے کہاں ، معلوم نہیں

Knowledge is Light.Prophet Hazrat Muhammed Peace Be Upon Him

The Hadith of the Prophet Hazrat Muhammed Peace Be Upon Him

Eat Half Bread....Educate children آدهی روٹی كهایئے ۔ بچوں كو پڑهائیے ۔ سید نجیب حیدر میاں برکاتی

Slogan Khanqah E Barkaatia Marehra Shareef خانقاہ برکاتیہ ، مارہرہ مطہرہ کا نعرہ

Thursday, 2 March 2017

Musalmano Ki Shandar Ilmi Futoohat



مسلمانوں کی شاندار علمی فتوحات - ماضی کے آئینے میں

          دورِ حاضر میں سائنس کی جتنی بھی ایجادات و اکتشافات ہیں اکثریت کا ماخذ و منبع مسلمان سائنس دانوں کا مرہونِ منت ہے۔ تاریخ کی کتابوں میں سیکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں مسلمان سائنس دانوں کے نام ملتے ہیں ۔ جنھوں نے جدید علوم و فنون کی آبیاری اور فروغ و ارتقا میں نمایا ں کردار ادا کیا۔
 


          جب یورپ جہالت کے اندھیرے غاروں میں پناہ لینے پر مجبور تھا ۔ مدارسِ اسلامیہ بالخصوص مراکش، غرناطہ ، طیطلہ اور بغداد میں علوم و فنون کی شمعیں روشن تھیں اور ہمارے معزز علماے کرام صرف دینی تعلیم میں محصور نہ رہتے ہوئے اُس عہد کے تقاضوں کے تحت ضروری ’’عصری تعلیم‘‘ سے اپنے طلبہ کو آراستہ و مزین کررہے تھے۔ اہل یورپ اپنے بچوں کو اُن کے سامنے زانوے تلمذ تہ کرنے کے لیے بھیجا کرتے تھے۔ یورپین اقوام نے اسلامی بستیوں سے اپنی زنبیلِ حیات میں علوم و فنون کی گراں بہا دولت بھری۔ مسلمانوں کی شان دار علمی فتوحات کے روشن نقوش تاریخ کے صفحات پر ثبت ہیں ۔ چند مسلمان سائنس دانوں کا مختصر ترین تعارف ’’مسلمان سائنس داں اور ان کے کارنامے ‘‘ نامی کتاب سے ماخوذ نشانِ خاطر کرتے چلیں ۔ جن کا اپنے زمانے میں طوطی بولتا تھا اور جنھوں نے دینی تعلیم کے جلو میں عصری تعلیم کی ترویج و اشاعت میں بھرپور حصہ لیا ۔
(۱)ابو اسحاق ابراہیم بن جندب ( م ۱۵۷ھ/ ۷۷۶ء) : عالم اسلام کا پہلا سائنس داں ، پہلا نجومی ، پہلا ماہرِ فلکیات اور دوربین Telescopeکا حقیقی موجد۔
(۲)     جابر بن حیان ( م ۱۹۸ھ/ ۸۱۷ء) : علم کیمیا کا بانی اور تیزاب ، موم جامہ اور بے شمار کیمیائی مرکبات کا موجد ۔
(۳)     عبدالمالک اصمعی ( م ۲۱۴ھ/ ۸۳۱ء): علم حیوانیات اور نباتات پر لکھی جانے والی سب سے پہلی پانچ کتب کا مصنف۔
(۴)     حکیم یحییٰ منصور ( م ۲۱۴ھ/ ۸۳۲ء) : دنیا کی پہلی رصد گاہ Observetoryکا صدر اور Astronomical Tableکا موجد۔
(۵)     محمد بن موسیٰ الخوارزمی( م ۲۳۲ھ/ ۸۵۰ء): الجبرا کا موجد، الجبر والمقابلہ اور علم الحساب کا مصنف۔
(۶)     احمد بن موسیٰ شاکر( م ۲۴۰ھ/ ۸۵۸ء) : دنیا کا پہلا میکانیکل انجینئر اور علم میکانیات پر پہلی کتاب کا مصنف ۔
(۷)     ابو عباس احمد محمد کثیر( م ۲۴۳ھ/ ۸۶۱ء): زمیں کا صحیح محیط معلوم کرنے والا پہلا سائنس داں۔
(۸)     ابو یوسف یعقوب بن اسحاق کندی (م ۲۵۴ھ/ ۸۷۳ء) : عالم اسلام کا پہلا فلسفی۔
(۹)     ابو محمد زکریا رازی (م ۳۰۸ھ/ ۹۳۲ء) : طبّی امداد، میزانِ طبعی ، الکحل کی دریافت کرنے والا اور فنِ طب کاامام ۔
(۱۰)    حکیم ابو نصر محمد بن فارابی ( م۳۳۸ھ/ ۹۶۱ء) : علمِ اَخلاق کا بانی اور نفسیات کا عظیم ماہر۔
(۱۱)     ابو علی حسن ابن الہشیم( م ۴۱۰ھ/ ۱۰۲۱ء) : علمِ نور کا ماہر ، انعطافِ نور کے نظریہ کا ماہر اور آنکھ کی پُتلی کا محقق اور کیمرے کا موجد ۔
(۱۲)    احمد بن محمد علی مسکویہ( م ۴۲۱ھ/ ۱۰۳۲ء) : نباتیات میں زندگی ، حیوانیات میں قوتِ حس اور دماغی ارتقا کا دریافت کرنے والا ، علمِ سماجیات ، نفسیات اور اَخلاقیات کا عظیم محقق۔
(۱۳)    شیخ حسین عبداللہ بن علی سینا ( م ۴۲۸ھ/ ۱۰۳۹ء) :علمِ طبعیات ، علم الامراض اور علم الادویہ کے فنون کا موجد اور ورنیر کیلی پرس کا موجدِ حقیقی، سائنس دانوں میں سب سے زیادہ کتابوں کا مصنف ۔
(۱۴)    ابو ریحان محمد بن احمد البیرونی ( م ۴۳۹ھ/ ۱۰۴۹ء): پہلا عظیم جغرافیہ داں ، ماہرِ آثار قدیمہ و ارضیات، برِ صغیر کا پہلا مؤرخ اور سیاح، دھاتوں کی کثافتِ اضافی معلوم کرنے والا پہلا سائنس داں ۔
(۱۵)    امام محمد بن الغزالی ( م ۵۰۵ھ/ ۱۱۱۱ء) : علمِ دین کے مجدد اور جدید فلسفۂ اَخلاق کے بانی ، علمِ نفسیات اور فلسفہ کے عظیم محقق۔
          یہ تمام ہی سائنس داں ہر مسائل کو خواہ وہ علومِ نقلیہ سے متعلق ہوں یا علومِ عقلیہ سے، قرآن کریم ہی میں تلاش کیا کرتے تھے ۔ کیوں کہ وہ جانتے تھے کہ قرآن میں ہر چیز کا روشن بیان موجود ہے۔
          اُس دور میں تعلیم کی ’’دینی و عصری تعلیم‘‘کے نام پر تقسیم بھی عمل میں نہیں آئی تھی۔لہٰذا کئی صدیوں تک دنیا بھر میں تمام ترقیوں کا محور مسلمان سائنس داں ہی رہے۔
           استعماری قوتوں نے جب تعلیم کی تقسیم در تقسیم کا عمل شروع کیا اور کم نصیبی سے مسلمان اُن کی ذہنی غلامی میں مبتلا ہوگئے تو مسلمان عصری تعلیم سے دور ہوتے چلے گئے ۔ جس کے سبب دورِ حاضر میں عالمِ اسلام کی سائنس اور ٹیکنالوجی میں پیش رفت نہایت مایوس کن ہے۔


..:: Follow us on ::..

http://www.jamiaturraza.com/images/Facebook.jpg 

http://www.jamiaturraza.com/images/Twitter.jpg

Thursday, 9 February 2017

Asri Taleem Manfi Wo Musbat Nazariat



عصری تعلیم-منفی و مثبت نظریات



            عصری تعلیم اپنی مختلف خوبیوں اور خامیوں کے پیشِ نظر مسلمانوں میں ہمیشہ بحث و تمحیص کا موضوع بنی رہی ہے۔ اس کے تئیں منفی اور مثبت دونوں نظریات ہمارے معاشرے میں پائے جاتے ہیں۔جہاں مسلمانوں کا ایک بڑا طبقہ عصری تعلیم کا زبردست حامی رہا ہے وہیں وہ طبقہ جس میں ہمارے بعض علماے کرام بھی شامل ہیں ، جدید اور عصری تعلیم کا مکمل طور پر انکار نہ کرتے ہوئے بھی حتی الامکان عصری تعلیم سے دوری بنائے رکھنے کے قائل نظر آتا ہے۔ جولوگ عصری تعلیم کے فوائد و ثمرات کی حمایت میں ہیں اُن کی دلیل یہ ہوا کرتی ہے کہ اس کے بغیر دورِ حاضر کے تقاضوں سے مسلم اُمّہ کما حقہٗ عہدہ بر آ نہیں ہوسکتی اور تعمیرو ترقی کی اِ س دوڑ میں مسلمان عصری تعلیم کے حصول کے بغیر پسماندہ رہ جائیں گے۔ جو لوگ عصری تعلیم کی مخالفت کرتے ہیں انھیں بھی اس بات کا کسی نہ کسی درجہ میں احساس ضرور ہے کہ مسلمانوں کو بھی ڈاکٹر، انجینئر، سائنس داں، قانون داں، جغرافیہ داں، ماہرریاضی و فلسفہ و حکمت بننے کی سخت ضرورت ہے۔
            اسلا م کی حقیقت پسندانہ اور روشن و منور فکر کے باوجود دورِ حاضر کا یہ المیہ ہے کہ مسلمانوں کے علمی عروج و اقبال کا آفتاب جس طرح اسلام کے ابتدائی دور سے لے کر کئی صدیوں تک اپنی پوری آب و تاب سے چمک دمک رہا تھا ۔ آج اُسی قدر وہ انحطاط و تنزلی کا شکارہے۔ عصری تعلیم کے فقدان کی وجہ سے ہم زندگی کے کئی اہم شعبہ جات میں اہلِ مغرب کی غیر محسوس غلامی کررہے ہیں ۔ معاشرت ،معیشت ، ثقافت، سیاست ،تجارت اور دیگر کئی اہم ترین معاملات میں مسلمان اغیار کے دریوزہ گربن کر رہ گئے ہیں۔ یہ ایک افسوس ناک حقیقت ہے جس کا بدقسمتی سے ہم کو سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مسلمان جس کی تخلیق دنیا کی رہنمائی کے لیے کی گئی ہے اور جس کے سر پر تاجِ خلافت سجایا گیا ہے، وہ آج خود نشانِ منزل کھو بیٹھا ہے اور سرابِ سفر کو مقصودِ حقیقی سمجھ کر اسی پر قانع و شاکر ہے۔ اسی لیے ذلت و نکبت کے دلدل میں دھنستا چلا جارہا ہے۔ ضرورت اِس امر کی ہے کہ ہم اپنے شان دار ماضی اور عبرت ناک حال کو دیکھ کر روشن مستقبل کی عمارت کھڑی کرنے کی بہتر منصوبہ بندی کریں، اور یہ دورِ حاضر میں عصری تعلیم کے حصول کے بغیر ممکن نظر نہیں آتا۔

..:: Follow us on ::..

http://www.jamiaturraza.com/images/Facebook.jpg 

http://www.jamiaturraza.com/images/Twitter.jpg



Islam Ka Asri Taleemi Nazaria


اسلام کا عصری تعلیمی نظریہ
از: ڈاکٹر محمد حسین مشاہدرضوی
          اسلام نے کبھی بھی عصری تعلیم یا دنیاوی تعلیم کی مخالفت نہیں کی ہے۔ جاننا چاہیے کہ بنیادی دینی تعلیم ہر مسلمان پر فرض ہے۔ لیکن دینی تعلیم میں مہارتِ تامہ اور کامل دستگاہ ہر مسلمان کے لیے لازمی نہیں ۔ اگر ہر شخص دینی تعلیم میں کمال پیدا کرنے لگے گا تو عصری علوم کے ماہرین کہاں سے میسر آئیں گے ۔ جن کے بغیر اس خاکدانِ گیتی پر قوت و طاقت اور عزت و اقتدار کا تصور محال سا نظر آتا ہے۔ عصری تعلیم کی اہمیت اور فوائد سے کوئی بھی زندہ قوم قطعی انکار نہیں کرسکتی۔
           اللہ رب العزت نے انسان کے ناتواں کاندھوں پر خلافت کا بارِ گراں ڈالا ہے ۔ جس کے لیے دینی تعلیم کے شانہ بہ شانہ دنیا کے انتظام و انصرام کا طریقۂ کار اور ایجادات و اکتشافات کے ساتھ ساتھ عصری علوم کا جاننا بے حد ضروری ہے۔
           اسلام کا عصری تعلیمی نظریہ بے حد واضح اور روشن ہے۔ اللہ رب العزت قرآنِ کریم میں فرماتا ہے :
          ’’ وَعَلَّمَ آدَمَ الْاَسْمَآئَ کُلَّھَا،‘‘
          ’’اور اللہ تعالیٰ نے آدم کو تمام (اشیا) کے نام سکھائے۔‘‘ (سورہ بقرہ۔ ۳۱)
           اس آیتِ کریمہ کے ذیل میں صدرالافاضل مولانا سید نعیم الدین اشرفی مرادآبادی قد س سرہٗ لکھتے ہیں :’’ اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم علیہ السلام پر تمام اشیا و جملہ مسمیات پیش فرماکر آپ کو ان کے اسما و صفات و افعال و خواص و اصول علوم و صناعات سب کا علم بہ طریقِ الہام عطافرمایا۔ ‘‘(خزائن العرفان)، مسمیات یعنی اشیاکی خصوصیات ، افعال اور علوم ہیں اور اسی کا نام ’’سائنس‘‘ ہے ، اسی سائنس کی تعلیم ’’جدید تعلیم‘‘ یا ’’دنیاوی تعلیم‘‘ یا عصری تعلیم‘‘ کے نام سے جانی جاتی ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ دورِ جدید کے مفکرین نے عصری تعلیم کی بنیاد سیکولرزم اور لامذہبی نظریات پر کھڑی کرنے کی کوشش کی ہے ۔ جب کہ حقیقت یہ ہے کہ دنیا کے ہر قسم کے علوم و فنون کا سرچشمہ اورمنبع قرآن کریم ہے خود رب تعالیٰ فرماتاہے :
          ’’ وَلَا حَبَّۃٍ فِیْ ظُلُمٰتِ الْاَرْضِ وَلَا رَطْبً وَّلَا یَابِسٍ اِلّا فِیْ کِتٰبٍ مُّبِیْنٍ‘‘
          ’’ اور کوئی دانہ نہیں زمین کی اندھیریوں میں اور نہ کوئی تر اور خشک جو ایک روشن کتاب میں نہ لکھا ہو۔‘‘ (سورہ انعام ۔۵۹)
          اس آیتِ کریمہ سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ قرآنِ حکیم میں دونوں جہان کی ہر چیز کا ذکر موجود ہے اور یہ بھی پتا چلتا ہے کہ دینی علوم ہوں یا دنیاوی علوم ہر ایک کا منبع و ماخذ قرآن کریم ہی ہے۔
          اسلام کے عصری تعلیمی نظریہ کے تحت بدر کی فتح کے بعد اسیرانِ جنگ سے فدیہ کی وصولیابی اور انصار کے دس لڑکوں کی تعلیم کے واقعہ کو بھی مد نظر رکھنا ضروری ہے۔غزوۂ بدر کے بعد قیدیوں کی رہائی کے لیے فدیہ کی رقم مقرر کی گئی تھی۔ ان میں سے جو نادار اور غریب تھے ، وہ بلامعاوضہ آزاد کردیے گئے۔ لیکن جو پڑھنا لکھنا جانتے تھے انھیں حکم ہوا کہ انصار کے دس دس بچوں کو پڑھنا لکھنا سکھادیں تو آزاد کردیے جائیں گے۔ چناں چہ کاتب وحی حضرت سیدنا زید بن ثابت رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اسی طرح لکھنا سیکھا۔(عام کتبِ سیرت)
          اس واقعہ سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ معلمِ کائنات صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے نزدیک تعلیم کا حصول کس قدر اہم اور ضروری تھا۔ اسیرانِ بدرکا مسلمان بچوں کو لکھنا سکھانا اُس عہد کے لحاظ سے عصری تعلیم ہی کے زمرے میں آتا تھا۔
           اسلام جملہ مباح علوم و فنون بالخصوص سائنس کی اہمیت و افادیت کو نہ صرف تسلیم کرتا ہے بلکہ شرعی دائرے میں رہتے ہوئے اس کی تحصیل و تکمیل کی طرف بھی راغب کرتا ہے۔ جو مذاہب انسانوں کو رہبانیت اور دنیا سے فرار کا درس دیتے ہیں ،اسلام اُن کے برخلاف سائنس اور دیگر جائز علوم و فنون کو نظامِ فطرت میں مداخلت تصور نہیں کرتا بلکہ مروجہ علوم و فنون میں مہارتِ تامہ کا پیغام دیتا ہے۔

..:: Follow us on ::..

http://www.jamiaturraza.com/images/Facebook.jpg 

http://www.jamiaturraza.com/images/Twitter.jpg